کابل،4نومبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)افغانستان میں حکام نے بتایا ہے کہ جنوبی صوبہ ہلمند میں ہونے والے ایک بم دھماکے میں ایک صحافی ہلاک ہو گیا ہے۔حکام کے بقول یہ واقعہ جمعہ کی صبح مرکزی شہر لشکر گاہ میں پیش آیا۔مقامی پولیس کے ایک عہدیدار کے مطابق مرنے والے صحافی نعمت اللہ ظہیر دیگر مقامی صحافیوں کے ہمراہ علاقے میں طالبان کے ساتھ سکیورٹی فورسز کی جاری لڑائیوں کی کوریج کے لیے یہاں موجود تھے۔یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب نعمت اللہ ظہیر کی گاڑی سڑک میں نصب بم سے جا ٹکرائی۔ اس واقعے میں دیگر لوگ بھی زخمی ہوئے تاہم ان کے بارے میں تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔نعمت اللہ ظہیر’’آریانا نیوز‘‘کے لیے کام کرتے تھے۔جنگ سے تباہ حال اس ملک میں حالیہ مہینوں کے دوران طالبان کی کارروائیوں میں تیزی آئی ہے اور سکیورٹی فورسز نے بھی ان کے خلاف اپنی سرگرمیوں کو تیز کیا ہے۔افغانستان میں صحافیوں کے تحفظ کے لیے کام کرنے والوں نے رواں ہفتے ہی بتایا تھا کہ رواں سال کے پہلے دس مہینوں میں اس ملک میں 11صحافی ہلاک ہوئے جب کہ مشکل ترین صورتحال کی وجہ سے سیکڑوں کو اپنا گھر بار چھوڑنا پڑا۔گزشتہ 16برسوں میں افغانستان میں مارے جانے والے صحافیوں کی تعداد 60سے زیادہ بتائی جاتی ہے جو کہ اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریوں کی انجام دہی کے علاوہ عسکریت پسندوں کی طرف سے کی گئی کارروائیوں میں نشانہ بنے ہیں۔